خبرنامہ کشمیر

بھارت اپنےمکارانہ حربے استعمال کر رہا ہے، حریت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قصبے کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی مکارانہ حربے استعمال کر رہا ہے اور نہتے کشمیریوں کے خلاف اس کی ریاستی دہشت گردی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں پر امن مظاہرین کے خلاف مہلک ہتھیاروں کا ستعمال نہیں کیا جاتا لیکن بھارت نے گزشتہ چار ماہ کے دوران مہلک پیلٹ بندوق سے سینکڑوں کشمیریوں کو بصارت سے محروم کر دیا۔ ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں سفاکیت کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور یہاں کا ہر گھر اور ہر فرد ان کے ظلم و ستم سے متاثر ہے۔ترجمان نے ماہرین امراض چشم کے ان بیانات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پیلٹ چھروں میں موجود زہریلا مواد آنکھوں کے پردوں کی تباہی کا موجب بن جاتا ہے ۔ ترجمان نے اس صورت حال کو انتہائی گھمبیر اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانا والا بھارت اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ۔