خبرنامہ کشمیر

بھارت جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے، میر واعظ

بھارت جدوجہد

بھارت جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے، میر واعظ

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پرمبنی جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو سرینگر میں مسلسل اپنی رہائش گاہ پر نظربند ہیں ایک بیان میں نہتے کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی فورسز کی پر تشدد کارروائیوں کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی آزادی نے دنیا کی سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارت کے دعوؤں کو عالمی سطح پر بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی اس سوچ سے نہ تو جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل ہو گی اور نہ ہی کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو ترک کر یں گے ۔ میر واعظ نے کہاکہ آرمڈ فورسز سپیشل پاور ز ایکٹ اور ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اورانکے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کو طاقت کے بل پردیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے اور انہیں زبردستی تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے کیونکہ بھارتی قابض انتظامیہ نے حریت قیادت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیر میں چار سو کشت وخون کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں میں خوف و عدم تحفظ کا احساس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ لوگ گھروں میں بھی بھارتی فورسز کے قہر سے محفوظ نہیں۔انہوں نے کہاکہ حریت قیاد ت گھروں یا پولیس اسٹیشنوں میں نظربند ہے اور ہمیں شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے بھی جانے نہیں دیا جارہا جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو احتجاج سے روکنے کیلئے پورے کشمیر خاص طورپر ڈاؤن ٹاؤن کے علاقوں کو فوجی قلعے میں تبدیل کردیا گیا ہے اور مواصلاتی رابطوں پر قدغن عائد ہے۔ ادھر محاذ آزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے ایک بیان میں سانحہ شوپیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ انہوں نے بھارت سے کہاکہ وہ سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیر پا حل کیلئے سازگار ماحول قائم کرے۔