خبرنامہ کشمیر

بھارت حریت رہنماؤں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہا ہے؛ سید علی گیلانی

بھارت حریت رہنماؤں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہا ہے؛ سید علی گیلانی
سرینگر: (ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جیل میں حریت رہنماء کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جوکہ انکی زندگی سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شبیر احمد شاہ پہلے ہی کئی امراض میں مبتلا ہیں اور جیل میں مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے انکی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تہاڑ جیل میں نظربند دیگرحریت رہنماؤں الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان، ظہور احمد وٹالی، کامران یوسف، شاہد یوسف اوردیگر کی حالت بھی ابتر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سیاسی نظربندوں کو علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم رکھ کر عالمی اصولوں اور ضابطوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ سیدعلی گیلانی نے بھارت کو خبردار کیاکہ اگر کسی نظربند رہنماء کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش کیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی بشمول ایشیاء واچ، عالمی ریڈکراس کمیٹی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے بھار ت پر دباؤ ڈالیں ۔ انہوں نے واضح کیاکہ گرفتاریوں، قیدوبند اور شہادتوں سے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔ حریت چیئرمین نے چینی چوک اسلام آباد میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں 13مکان اور 18دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں پر اپنی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ کشمیریوں کی بھرپور مالی کر نے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ ادھر حریت کانفرنس کے ترجمان نے حریت رہنماؤں محمد اشرف صحرائی،غلام احمد گلزار اور محمد اشرف لایاکی مسلسل گھروں اور پولیس اسٹیشنوں میں غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد افراتفری اور انتشار پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو جتنادبانے کی کوشش کی جائیگی کی اتنی ہی تحریک شدت سے ابھرے گی ۔