خبرنامہ کشمیر

بھارت دنیا کے سامنے جمہوری ملک کا ڈرامہ بند کرے: یاسین ملک

سرینگر؛ (ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا واحد نام نہاد جمہوری ملک ہے جو اپنے سیاسی مخالفین کو فوجی طاقت سے دبانے میں یقین رکھتا ہے اور انہیں جیلوں اور زندان خانوں میں ڈال دیتا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دعویٰ تو بڑی جمہوریت کا کرتا ہے لیکن اپنے سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانے کے لئے جیلوں اور زندان خانوں کے دروازے کھولے رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے اس ملک نے ہزاروں لوگوں کو جھوٹے مقدمات اور الزامات میں سلاخوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے اور کالے قوانین کے ذریعے ان کی اسیری کو طول دے رہا ہے ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ، ڈاکٹر محمد شفیع خان شریعتی، غلام قادر بٹ، غلام محمد بٹ، برکت علی خان، مظفر احمد راتھر، ساجد علی بخاری ،محمد اقبال خان، محمد صادق کجار، سائیں محمدکجار، مہندیاں کجار، فیروز احمد، محمد اسلم، شیخ عمران، عبدالحمید تیلی، محمد عقیل وانی، گل محمد خان، مشتاق احمد خان، محمد حسین ملک، محمد اسحاق پال، شبیر احمد بٹ، عبدالاحد نائیک، منظور احمد بٹ، عبدالغنی گونی، فاروق احمد شیخ،مشتاق احمد ملہ،علی محمد حسن آباد،محمود ٹوپی والا، نثا رمرزا ،بلال احمد کوٹا اور لطیف احمد واجہ اور دیگر عرصہ دراز سے نظر بند ہیں جبکہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی ، مشتاق الاسلام ،غلام محمد خان سوپوری، محمد رمضان خان، محمد سبحان وانی، امیرِ حمزہ شاہ، عبدالغنی بٹ،محمد رفیق وار، حفظ اللہ میر،رئیس احمد میر ،محمد یوسف بٹ، محمد شعبان ڈار ،محمدرفق گنائی،اسداللہ پرے ، شکیل احمد بٹ،لطیف احمد راتھر،عاطف حسن، عرفان احمد خان، محمد یوسف باغوان ، عبدالخالق ریگو، بشیر احمد صالح، محمد یوسف لون، شیخ محمد یوسف، شکیل احمد یتو، محمد یوسف فلائی، حاجی محمد رستم بٹ، مفتی عبدالاحد راتھر، محمد شعبان خان ، معراج الدین نائیکو، حاجی منظور احمد کلو، محمد اشرف ملک، امتیاز احمد میر،سلمان یوسف، معشوق احمد بٹ، غلام محمد تانترے، ناصر عبداللہ، عبدالرشید بٹ، غلام رسول پرے، بشیر احمد صوفی، عبدالرشید راتھر، بشیر احمد وانی، غلام نبی خان، سجاد احمد میر، عبدالاسلام میر، اعجاز احمد بہرو، پیر تنویر، مشتاق احمد ہرہ، دانش ملک وغیر ہ بھی گزشتہ برس سے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ 2010ء سے قید میں ہیں اور ان پر اب تک 36 مرتبہ کالاقانون پی ایس اے لاگو کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے اور دوسرے کالے قوانین کے ذریعے کشمیر یوں کو دبانے میں ناکامی کے بعد بھارت اور اسکے ریاستی گماشتوں نے تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیش ایجنسی کا استعمال کرکے شبیر احمد شاہ ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، ظہور احمد وٹالی، کامران یوسف، جاوید احمد اورسید شاہد یوسف کو تہاڑ جیل میں پہنچا دیا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ جیلوں، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری قوم کے ہیرو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکے گماشتوں کو اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے عوض سوائے رسوائی کے اور کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹر نیشنل، ایشاواچ خاص طور پر انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں پر پونے والے بھارتی جبر وستم کا نوٹس لیں اور جیلوں میں بند کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے نجات اور رہائی دلانے کے لیے اپنا اثررسوخ استعمال کریں۔