خبرنامہ کشمیر

بھارت عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے: حریت رہنماء

بھارت عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے: حریت رہنماء
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورکشمیر فریڈم فرنٹ کے سربراہ بشیر اندابی نے کہاہے کہ بھارت نے ایک طرف کشمیری عوام پر اپنی قابض فوج مسلط کررکھی ہے اور دوسری طرف مذاکرات کا شوشہ چھوڑکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت پر زوردیا کہ وہ روایتی ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں کا استعمال ترک کرکے سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے آئے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کو یقینی بناجاسکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جس کوانسانی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیری عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور وہ مسلسل عدم تحفظ اور غیر یقینی صوتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا 7 لاکھ افواج کی موجودگی میں مذاکراتکا رکا تقرر محض وقت گزاری کی روایتی پالیسی ہے جس کو حریت قیادت اور حریت پسند عوام یکسر مسترد کرتے ہیں۔ دریں اثنائجموں و کشمیر ماس مومنٹ نے بھارتی حکومت کے نام نہاد مذاکراتی عمل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ وہ بامعنی بات چیت اور گفت و شنید کے خلاف نہیں لیکن جو بات چیت تاخیری حربے کے طور پرشروع کی جا رہی ہے وہ ایک لاحاصل عمل ہے۔ ماس مومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی مذاکرات کاراور ورکنگ گروپ تشکیل دیے اوربعد میں ان کی سفارشی رپورٹوں کو ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا۔ انہو ں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اصل حل اقوام متحدہ کی قراردادوں یا سہ فریقی مذاکراتی عمل میں مضمر ہے جس میں کشمیری عوام کو فریق اول کی حیثیت سے شامل کرنا ہوگا۔تحریک مزاحمت کے چےئرمین بلال صدیقی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے اور کشمیری عوام کو مذاکراتی عمل میں بنیادی فریق کی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا اہم فریق ہے اور اس کی شمولیت کے بغیر کوئی حل قابل قبول نہیں ہوگا۔ مسلم ڈیموکریٹک لیگ کے سربراہ حکیم عبد الرشید نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ، ترقی اور خوشحالی کے لیے لازمی ہے کہ بھارت روایتی ہٹ دھرمی ترک کرکے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہمیشہ کے لیے حل کردے۔