خبرنامہ کشمیر

بھارت مذموم مقاصد کے حصول کیلئے لائن آف کنٹرول پر ہماری سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے

بھمبر (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ سے ہندوستان اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے فائر بند کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر ہماری سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن جب بھی دشمن نے فائر کی خلاف ورزی کی ہماری مسلح افواج نے اسے منہ توڑ جواب دیا ۔ جب بھی دشمن نے پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا یا کسی بھی قدرتی آفت سے نبردآزما ہونا پڑا تو مشکل سے مشکل حالات میں بھی پاک فوج کے دلیر اور غیو ر نوجوانوں نے ہمیشہ ہر طرح کے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے ،وہ والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اعلیٰ اسلامی روایات کے مطابق ملی جذبے سے سرشار ہو کر اپنے بیٹوں کو دفاع وطن کیلئے وقف کیا جو ہم سب کیلئے باعث فخر ہے ۔ وزیر اعظم یہاں مجاہد فورس سینٹر میں مجاہد فورس کی 29 ویں بٹالین کے 600رینگروٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعظم کی سینٹر آمد پر انہیں چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، وزیر اعظم نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ اس موقع پر کمانڈر مجاہد فورس برگیڈئیر ناصر خٹک نے وزیر اعظم کو مجاہد بٹالین کے قیام سے لیکر ا ب تک کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر تعلیم بیرسڑافتخار گیلانی ، مسلم لیگ ن ضلع بھمبر کے صدر راجہ مقصوداحمد خان ،چوہدری جمیل و دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فورس کی تربیت اور ڈرل کے اعلیٰ معیار کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں ۔ آج کادن نوجوانوں کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ آپ اپنی بنیادی عسکری تربیت مکمل کرنے کے بعد فارغ ہو رہے ہیں اور اس کے بعد اس مملکت خداداد کے دفاع کی عین ذمہ داریاں نبھانے کیلئے اپنی متعلقہ یونٹس میں شمولیت اختیار کر کے پاک فوج کی عسکری قوت کا حصہ بن جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جذبہ ایمانی سے سرشار جوان بے لوث جذبے اور تندہی کے ساتھ دفاع وطن کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کی عزت و وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے ۔ عوام اور فوج ملکر ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا جوانمردی سے مقابلہ کریں گے اور ملک کی عزت و عظمت اور تقدس کی خاطر اپنی جان کی قربانی سے بھی گریز نہیں کرینگے ۔