خبرنامہ کشمیر

بھارت مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلاکرے، دختران ملت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے سے فوری طور پر فوجی انخلاکرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہی مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، کانگریس اور دیگر مقبوضہ علاقے کی مین سٹریم جماعتیں نہیں بلکہ بھارت نواز جماعتیں ہیں جن کا واحد مقصد جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کو دوام بخشنا ہے۔ ناہیدہ نسرین نے کہا کہ بھارت نواز جماعتیں کو محض اپنے مفادات اور کرسی سے غرض ہے اور یہ کشمیریوں کی ہرگز خیر خواہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور مظلوم، قاتل اور مقتول ایک ندی کے دو کناروں کی طرح کبھی نہیں ہو سکتے۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ بھارت نواز جماعتوں کو اگر نہتے کشمیریوں کی زرہ بھر ہمدردی ہے تو وہ آزادی پسندوں کی صفوں میں شامل ہوں۔ ناہیدہ نسرین نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے نازک موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بناتے ہوئے دشمن کے مذموم ارادوں کو ناکام بنائیں۔