خبرنامہ کشمیر

بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم کی ایک سیاہ تاریخ رقم کر رہا ہے، میر واعظ

سرینگر :(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم کی ایک سیاہ تاریخ رقم کر رہا ہے اور مسلسل قتل و غارت اورجبر و استبداد کے نتیجے میں پورا مقبوضہ علاقے درد والم کی تصویر بنا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں پہلی بارعید الاضحی جیسے اہم اور عظیم دینی تہوار کے موقع پر کرفیو اور پابندیاں عائد کر کے عید گاہ سرینگر سمیت مساجد ، درگاہوں ، آستانوں اور امام باڑوں میں عیدکی نماز ادا کرنے پر قطعی طور پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ بانڈی پورہ اور گاگہ بل شوپیاں میں مصطفی میر اور شاہد احمد سہسہ کو پیلٹ ما ر کر شہیدجبکہ بیسیوں افراد کو زخمی کر دیا گیا۔ انہوں نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں نے اس بار آہوں ،سسکیوں اور محرومیوں کے درمیان قربانی کا فریضہ ادا کیا۔ ترجمان نے میرواعظ عمر فارووق اور دیگرقائدیں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سرا سر ایک انتقامی کارروائی قرار دیا۔