خبرنامہ کشمیر

بھارت نوازسیاست دان بھارتی مظالم میں برابرکےشریک ہیں، گیلانی

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارت کی سفاکیت اور درندگی میں ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ اضافہ ہی ہورہا ہے اور مقبوضہ وادی کا کوئی بھی علاقہ قابض فورسز کی چیرہ دستیوں سے مبرا نہیں ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر کے علاقوں درگاہ اور نور باغ میں عوامی اجتماعات سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارکشمیریوں کو بلالحاظ عمر وجنس مظالم کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن مظاہرین کیخلاف مہلک ہتھیاروں کے تجربے کئے جاتے ہیں جبکہ قابض فوجی رات کے وقت گھروں میں داخل ہو کر مکینوں کی مارپیٹ اور قیمتی گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس تمام تر ظلم وستم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جد وجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور اس کی حقیقت کو تسلیم نہیں کرتا اس وقت تک مذاکراتی عمل ہرگز سودمند ثابت نہیں ہوسکتا۔سید علی گیلانی نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بھارت آج تک مذاکرات عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور وقت گزاری کے لیے کرتا رہا جب کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہااوریہی وجہ ہے کہ یہ مسئلہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے اوراس وقت کشمیریوں کی چوتھی نسل کو بھارتی جبر و استبداد کا سامنا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس وقت کشمیریوں کی معیشت، تہذیب اور تمدن سب کچھ داؤ پر لگاہوا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے بھارت نواز سیاست دان بھارتی مظالم میں برابر کے شریک ہیں لیکن اب ان لوگوں کے حساب کا وقت آگیا ہے اور یہ غاصب اور ظالم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے ناز موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتحاد کو مضبوط بنائیں تاکہ تحریک آزادی کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔ سید علی گیلانی نے صاحب ثروت کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحی پر نادار اور بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو ہرگز نہ بھولیں اور ان کی دل کھول کر مدد کریں ۔