خبرنامہ کشمیر

بھارت نواز سیاستدانوں نے کشمیری عوام کے لیے آزمائشوں کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع کیا،حریت کانفرنس

سرینگر ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نواز سیاسی جماعتیں بھارت کے فوجی قبضے کا مقامی چہرہ ہیں اور ان تمام جماعتوں نے مختلف اوقات پر بھارت کے غیرقانونی اور غیر اخلاقی قبضے کو سندِ جواز بخش کر کشمیری عوام کے لیے مصیبتوں اور آزمائشوں کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نواز جماعتوں کی بیان بازی پر تبصرہ کرتے ہوئے حریت ترجمان نے کہا کہ تاریخ کشمیر میں غداروں کی ایک لمبی فہرست اور اْن کے سیاہ کارناموں کی خوفناک داستانیں پڑھنے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غلامی کی سیاہ رات کی شروعات نیشنل کانفرنس کے بانی کی طرف سے بھارت کے ساتھ کئے گئے غیر فطری الحاق سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 99دنوں سے پوری وادی سراپا احتجاج ہے اور قوم کا سب کچھ داؤ پر لگ چْکا ہے۔ اقتصادی طور پر ہماری کمر ٹوٹ چکی ہے، ٹرانسپورٹ سے وابستہ حضرات اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر تحریک کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اسکولی بچوں نے اپنے مستقبل کی پروا نہیں کی ہے، شہادتوں اور زخمیوں کی ناقابل بیان داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن قوم کے یہ مصنوعی غمخوار، حزبِ اقتدار اور حزبِ اختلاف دونوں اس تندور میں اپنی سیاسی روٹیاں سیک کر لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ 1947 ء سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ ابھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس سارے کشت وخون اور جبروقہر کی ذمہ داری طالع آزما، مفاد پرست اور اقتدار کی ہوس رکھنے والے اسی بھارت نواز طبقے پر عائد ہوتی ہے جس کی ابتداء کرنے کا سہرا نیشنل کانفرنس اور اْس کے رہنماؤں کے سر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسئلہ کشمیر حل کرنے کی رسمی باتیں کرکے اپنے ووٹروں کو ورغلا کر اگلی بار اپنے اقتدار کی راہ ہموار کرنے کی مکارانہ کوشش کررہے ہیں اور اس میں ان کے خلوص کی معمولی سی رمک بھی موجود نہیں ہے اور اگر ہوتی تو یہ لوگ 99دن سے جاری کشت وخون اور طوفان بدتمیزی سے کنارہ کش ہوکر اپنی قوم کے شانہ بشانہ حق کی آواز بلند کرتے۔