خبرنامہ کشمیر

بھارت نواز سیاسی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں؛ حریت کانفرنس

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نواز جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کا استحصال کرنے اورمقبوضہ علاقے کے معاشی، مذہبی اور تہذیبی ورثے کو ہند و انتہا پسندجماعتوں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھوں گروی رکھنے کے عوض مسند اقتدار پر براجمان رہنے کا خفیہ معاہدے کر رکھا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کے حوالے سے کسی بھی بھارت نواز سیاسی جماعت کا کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ مقبوضہ علاقے میں یہ جماعتیں عوامی حمایت سے یکسر محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، نیشنل کانفرنس اور دیگر بھارت نواز جماعتیں نئی دہلی کے اپنے آقاؤں کے اشاروں پر جموں کشمیرکے جملہ معاشی اور سیاسی مفادات کا استحصال کرتی آئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور دائمی حل کے لیے مزاحمتی قیادت کا ایک غیر متزلزل موقف ہے لہذا یہی وجہ سے کہ اسے کشمیری عوام کی غالب اکثریت کی حمایت حاصل ہے ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حکومت سازی یا امن وامان کے قیام کے حوالے سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے بین الاقوامی قواعد وضوابط کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، جس میں کسی بھی تنازعے کے جملہ فریقوں کے درمیان بات چیت کیلئے برابری کی سطح پر ایک سازگار ماحول کا ہونا بنیادی لوازمات میں شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت دباؤ اوردھونس سے کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتا لہذا اسے چاہیے کہ تاریخی حقائق تسلیم کر تے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ آگے آئے۔