خبرنامہ کشمیر

بھارت نےمقبوضہ کشمیرمیں تمام انسانی قدروں کوپامال کر دیا: گیلانی

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں اپنی وحشیانہ کارروائیوں کے ذریعے تاریخ کے تمام ظالموں اور جابروں کو مات دے دی ہے ۔ انہوں نے کہ مقبوضہ علاقے میں تمام انسانی اور جمہوری قدوں کو پاؤں تلے روند ڈالا گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے تاریخ کی کتابوں میں چنگیز اور ہلاکو خان کے مظالم کے بارے میں پڑھا تھا لیکن بھارت نے اپنی فورسز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر مظالم کے ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ فوجیوں نے کھریو میں گھروں میں گھس کر مکینوں کو زدوکوب کیا، گھریلو سامان کو تہس نہس کیا اور ایک 30سالہ معلم شبیر احمد کو گھر سے گھسیٹ کر گرفتار کیا اور صرف 2گھنٹے کے دوران تشدد کے ذریعے اسے شہید کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جنگوں کے دوران بھی طبعی عملے اور ایمبولنسوں کو راستہ دیا جاتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں ہسپتالوں پر بھی چھاپے ڈالے جاتے ہیں اور ایمبولنسوں پر فائرنگ کی جاتی ہے جس کی تازہ مثال ایمبولنس ڈرائیور غلام محمدکی ہے جسے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس کے اہلکار نے بازو میں پیلٹ ما ر دیے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ انہیں2010سے جمعہ کی نماز کے لیے مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ گزشہ 43روز کے دوران جامع مسجد سرینگر اور مقبوضہ وادی کی دیگر بڑی مساجد میں جمعہ کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی جو دینی معاملات میں صریحاً مداخلت ہے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعوے دار نے مقبوضہ علاقے میں مکمل طور پر قید خانے میں تبدیل کر کے فوج اور پولیس کونتہے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔