خبرنامہ کشمیر

بھارت نےکشمیریوں کےخلاف جنگ چھیڑرکھی ہے، سید علی گیلانی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی تازہ لہر اور اسکے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر چلو مارچ کو طاقت کے بل پر ناکام بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت قیادت نے سرینگر کے علاقے سونہ وار میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر تک ایک پر امن مارچ کا پروگرام بنایا تھا جسکا مقصد بے گناہ کشمیریوں کے قتل پر احتجاج کے ساتھ ساتھ عالمی ادارے پر زور دینا تھا کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسز نے گزشتہ چالیس روز کے دران اسی بے گناہ کشمیری قتل جبکہ آٹھ ہزار کے قریب زخمی کر دیے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس دوران سینکڑوں کشمیریوں کو جیلوں میں پہنچا دیا گیا جبکہ سو سے زائد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کا پے در پے قتل اس بات کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ علاقے کی ابتر صورت حال کی طرف توجہ دیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی کٹھ پتلی حکومت نہتے کشمیریوں کے قتل میں برابر کی شریک ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل او رزخمی کیا جا رہا ہے ، خواتین کی آبروریزی کی جارہی ہے جبکہ اسکے باوجود انہیں ہی پر امن رہنے کا درس دیا جاتا ہے جبکہ بے گناہ شہریوں کی قتل وغارت میں مصروف بھارتی فورسز کو جبر وا ستبداد جاری رکھنے کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے قتل و غارت کا یہ سارا کھیل نئی دلی میں بیٹھے اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لیے رچا رکھا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات ملے گی۔دریں اثنا حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے دفتر چلو پروگرام کو طاقت کے بل پر ناکام بنانے کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوم متحدہ کے دفتر چلو پرامن مارچ کا مقصد کشمیر کے ابتر اور سنگین حالات کی طرف اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر کو متوجہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منظم منصوبے کے تحت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اور کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔میر واعظ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کی چیخ و پکار سننے کی کوشش کرے اوربے گناہ لوگوں کا قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری طور پراقدامات اٹھائے۔ میرواعظ نے کشمیر کے موجودہ حالات کو انتہائی ابتر ، سنگین اور دھماکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگراقوام متحدہ اب بھی اس ضمن میں اپنا کردار ادا نہ کرے تو یہ اس عالمی ادارہ کے وجود پر ایک سوالیہ نشان ہو گاہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی ماردھاڑ ، قتل و غارت کے باوجود حریت قیادت اور عام کشمیریوں کا حوصلہ بے حد بلند ہے اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عز م کیے ہوئے ہیں۔