خبرنامہ کشمیر

بھارت نے اپنی افواج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، میر شاہد سلیم

نیشنل کانفرنس

بھارت نے اپنی افواج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، میر شاہد سلیم

جموں: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جس پرعالمی برادری کی خاموشی سے انتہائی افسوسناک ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے راجوری میں اپنی پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے اپنی فورسز کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے ذریعے نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے شوپیاں میں بیگناہ نوجوانوں کے حالیہ بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج جب اور جس وقت چاہے ، نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسا دیتی ہے جب کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ قاتل اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر تک درج نہیں کی جاتی ۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ بھارت ایک خطر ناک کھیل کھیل رہا ہے جس کے انتہائی سنگین نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری قتل و غارتگری کا نوٹس لے کر اسے رکوانے کے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم پرعالمی برادری کی جانب سے اختیار کیجانے والی مجرمانہ خاموشی کو شدیدتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی برداری نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دوہرا معیار قائم کر رکھا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔میر شاہد سلیم نے کہا کشمیری عوام حقِ خود ارادیت کے حصول کی خاطر ایک پر امن جدو جہد میں مصروف ہیں جبکہ بھارت سرکاری دہشت گردی کے ذریعے اس جدو جہد کو کچلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کی مبنی پر حق جدو جہد کو کچلنے میں بری طرح ناکام رہا ہے لہذا اس کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دے۔