خبرنامہ کشمیر

بھارت نے این آئی اے کوکشمیریوں کوجھوٹے مقدمات میں گرفتارکرنے پر لگا دیا ، یاسین ملک

بھارت نے این آئی اے کوکشمیریوں کوجھوٹے مقدمات میں گرفتارکرنے پر لگا دیا ، یاسین ملک
سرینگر (اے پی پی،ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنے تحقیقاتی ادارے’ این آئی اے‘ کو کشمیریوں کو زیر عتاب لانے، خوف زدہ کرنے اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کے کام پر لگادیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمدیاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ این آئی اے کشمیری مزاحمتی رہنماؤں ، کارکنوں، ان کے رشتہ داروں، دوستوں، ہمدردوں، تاجروں، ملازمین اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے وابستہ لوگوں کو مسلسل ہراساں کرنے میں مصروف ہے جسکا واحد مقصد کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دور کرنا ہے۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ ایک طرف این آئی اے کا یہ جبر جاری ہے جبکہ دسری جانب بھارتی میڈیا مزاحمتی قائدین، کشمیری علما، تاجروں اور دوسرے لوگوں کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈا مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ جیلیں ، تھانے اور عقوبت خانے کشمیری حریت رہنماؤں، کارکنوں، نوجوانوں ، کم عمر لڑکوں اورخواتین سے بھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی کو مقبوضہ وادی سے سینکڑوں میل دور امپھالہ جیل میں نظر بند رکھا گیا ہے جبکہ شبیر احمد شاہ،محمد ایاز اکبر، شاہد الاسلام،الطاف احمد شاہ، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار ،تاجر ظہور احمد وٹالی، فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اور جاوید احمد تہاڑ جیل اور دہلی کے دوسرے اذیت خانوں میں بند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد راتھر( بویا)، مولانا سرجان برکاتی، عاطف حسن، عرفان احمد خان، محمد یوسف باغوان، میر حفیظ اللہ،محمد یوسف فلاحی،امیر حمزہ،عبدالغنی بٹ اور دوسرے لوگ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں نظر بندہیں۔ محمد یاسین ملک نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کشمیر کے بارے میں حالیہ رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ انسانی حقوق کی یہ تنظیم غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو رہائی دلانے کے لیے اقدامات کرے گی۔