خبرنامہ کشمیر

بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے، میرواعظ

بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے، میرواعظ

سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں حریت فور م کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو مسلسل تین مرتبہ جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں ا فسوس ظاہر کیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں اور انکی قیادت کے حوصلے توڑنے کیلئے انہیں بڑے پیمانے پر جبر وا ستبداد کا نشانہ بنارہی ہے ۔ میرواعظ نے انتظامیہ کی جانب سے جامع مسجد سرینگر کو بار بارسیل کرکے لوگوں کو یہاں جمعہ کی نماز پڑھے سے روکنے ، خود انہیں گھر میں نظر بند رکھنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ٹولہ اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لئے کشمیری عوام اورمزاحمتی رہنماؤں پر جبر و تشدد میں متواتر اضافہ کر رہا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیریوں کو دراصل تحریک آزادی کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی پر جبر و استبداد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم کی پردہ پوشی اور حقائق کو روکنا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ اس طرح کے ناروا اقدامات سے جمہوریت کے بھارتی دعوے کھلوے ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کٹھ پتلی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے حکمران ہونے کا دعویٰ کرنے والے عوام کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں بھی بری طرح سے ناکام ہوگئے ہیں اور شدید سردی میں جہاں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگ زبردست مشکلات میں مبتلا ہیں وہیں اکثر مقامات پر پینے کا پانی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث روزانہ ٹریفک حادثوں میں انسانی جانوں کا زیاں جاری ہے لیکن حکمران ٹولہ اقتدار کے نشے میں چور عوامی مشکلات کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔