خبرنامہ کشمیر

بھارت نے شمیر کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی خطہ بنا دیا ہے: علی گیلانی

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت نے جموں کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے اسے دنیا کا سب سے بڑا فوجی خطہ بنا ددیا ہے اور یہاں پر شہری آبادیوں میں قائم فوجی کیمپوں کی وجہ سے کشمیری خواتین کی عزت و ناموس ہر وقت خطرے میں رہتی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری خواتین کی حالتِ زار کے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی کو انتہائی مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 28 سال کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں عورتوں کی آبروریزی کے بے شمار واقعات پیش آئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 7؍ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گئی ۔سید علی گیلانی نے کہا کہ1991میں کُنن پوش پورہ میں ایک ہی رات میں ایک سو کے قریب خواتین کو بلا لحاظ عمر اجتماع آبروریزی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود کسی ایک بھی مجرم فوجی اہلکار یا افسر کو سزا نہیں دی گئی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے بدسگام میں ایک بارات کو روک کر دُلہن مبینہ غنی کو اپنی تحویل میں لے لی اور 48گھنٹے تک اسے اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بناتے رہے جبکہ اس موقعے پر بس پر فائرنگ بھی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ 7؍افراد زخمی ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان کی آسیہ اور نیلوفر کا واقعہ بھی سب کے سامنے ہیں جنہیں اغوا کے بعدآبروریزی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہیں قتل کیا گیا۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کا چپہ چپہ اس طرح کے المناک واقعات سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثنا سید علی گیلانی نے بھارت کے مسلم راہنما سید شہاب الدین کی رحلت پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جنت نشینی کے لیے دُعا کی ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ ان کی شہاب الدین کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور وہ بھارتی مسلمانوں کو درپیش مشکلات کے لیے انتہائی متفکر رہتے تھے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے اس بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے امن دو، میں روزگار دوں گی‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا امن بھارت کے جبری قبضے کی وجہ سے درہم برہم ہوا ہے ۔ انہوں نے علاقے میں امن تبی آئے گا جب بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔