خبرنامہ کشمیر

بھارت نے طاقت کے بل پر کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں: میر واعظ

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماؤ والا خطہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے حقوق طاقت اور تشدد کے بل پر حقوق سلب کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرمڈ فورسز سپیشل پاورزایکٹ اور دیگرکالے قوانین کے ذریعے اپنی فورسز کو نہتے شہریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کا حالیہ بیان مکمل طور پر اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جسکے تحت بھارت نے اپنی فوج کو بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی سربراہ کا بیان مسلمہ بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت صرف طاقت اور تشدد کی بات کر تاہے لیکن اگر طاقت اور فوجی دباؤ سے مسئلہ کشمیر کوحل ہونا ہوتا تو اب تک حل ہو چکا ہوتا۔