خبرنامہ کشمیر

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی؛ راجہ فاروق

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی)وزیراعظم آ زاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر کی تحریک نے ایک نیارخ اختیار کیا ہے ، کشمیر میں شہید ہونے والے کو پاکستانی پرچم میں دفن کیا جاتا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ، معصوم بچوں کو بینائی سے محروم کیا گیا ،پاکستانی وکلاء اور کشمیر بار کونسل کے حوالے سے تمام تر معاملات جلدہی باہمی مشاورت سے حل کرینگے، کشمیر میں تمام امور میرٹ کے مطابق چل رہے ہیں ، حال ہی میں 4ہزار کے قریب اساتذہ کی بھرتی این ٹی ایس ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی جس میں صرف میرٹ کو مد نظر رکھا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ راولپنڈی بار کے وکلاء اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ کشمیر کیلئے اپنی آواز بلند کی ہے ہم اپنے زمانہ طالبعلمی میں بھی اسی بار سے تحریک کا آغاز کیا کرتے تھے۔ وکلاء برادری کا شمار معاشرے کے پڑھے لکھے طبقے میں ہوتا ہے کیونکہ یہ شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں پاکستان بنانے والا بھی ایک وکیل تھا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر شوکت رؤف صدیقی، جنرل سیکرٹری سردار بلال قیوم خان، نائب صدر ضمیر عباسی،جوائنٹ سیکرٹری عمیر قدیر ملک، ممبر پنجاب بار کونسل سید انتظار مہدی شاہ، ممبر پنجاب بار کونسل سجاد اکبر عباسی، ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری واصف ، ہائیکورٹ بار کے سابق صدر و سیکرٹری کے علاہ وکلاء موجود تھے ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار شوکت رؤف صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی بار میں کشمیری وکلاء کی تعداد تقربیاً5سو کے قریب ہے جن میں سے 30کے قریب وکلاء بار کے اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور قتل و غارت کیخلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پہلے بھی اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہراول دستہ کا کردار ادا کرتی رہے گی۔