خبرنامہ کشمیر

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر رکھا ہے، یاسین ملک

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو مکمل طو ر پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر رکھا ہے اور وہ یہاں جمہوری،انسانی اوراخلاقی قدروں کو بری طرح سے پامال کر رہا ہے ۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ، جنہیں بھارتی پولیس نے بدھ کے روز سرینگر میں سرینگر میں گرفتار کیا، نے ایک بیان میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے اور پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کاسلسلہ ڈھٹائی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلیوں نے فوج اور پولیس کو پر امن مظاہرین پر گولیاں ،آنسو گیس کے گولے اور پیلٹ برسانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے جبکہ فوجی اور پولیس اہلکاروں کے مجرمانہ افعال کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ محمد یاسین ملک نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی معاون فہمیدہ صوفی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک علیل خاتون کی آئے روز کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر ،گرفتاریو ں، رکاوٹوں اور دیگر مذموم ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ کے غیر قانونی طور پر نظر بند نوجوان حمیر یاسین کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحو مہ گزشتہ برس اکتوبر سے اپنے بھائی کی کالے قانون پیلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بندی کے بعد سے مسلسل علیل تھیں لیکن کٹھ پتلی حکومت کے ظلم و جبر کی انتہا یہ ہے کہ کوحمیر کو اپنی بہن کے جنازے کو کاندھا دینے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔