خبرنامہ کشمیر

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا؛ گیلانی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ڈورو میں بھارتی فوج کے ہاتھوں سجاد احمد ملک نامی شہری کے جعلی مقابلے میں قتل پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ، جنہیں قابض انتظامیہ نے گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا ہے، سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس کوکسی بھی کشمیری کو قتل کرنے کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اوربھارتی پولیس اہلکاروں کی طرف سے ترقیوں ،تمغوں اور دیگر مراعات کے حصول کے لیے بے گناہ کشمیریوں کوجعلی مقابلوں میں قتل کرنے کا عمل ایک عرصے سے جاری اور سجاد احمد کا قتل پہلا واقعہ نہیں ہے ۔یا د رہے کہ بھارتی پولیس نے سجاد ملک کو آزادی کے حق میں مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل گرفتار کرنے کے بعد اس پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا تھا۔ سجاد کو گرفتاری کے بعد ڈورو تھانے میں نظر بند کیا گیا تھا۔ مقامی افراد نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے جمعرات کو سجاد کو تھانے سے لاکر آگنو نامی علاقے میں چھوڑ دیا جہاں پہلے سے موجود بھارتی فوجیوں نے اسے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے سیاسی، معاشرتی کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق بھی بری طرح سے سلب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نظر بندیوں اور گرفتاریوں سے حریت رہنماؤں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔