خبرنامہ کشمیر

بھارت نے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیاہے، مشترکہ حریت قیادت

بھارت نے کشمیریوں

بھارت نے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیاہے، مشترکہ حریت قیادت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسی عدل و انصاف کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ مقبول بٹ ، محمد افضل گورو اور دیگر لاکھوں شہداء کی قربانیاں کشمیریوں کا بیش بہا اثاثہ ہیں اورکشمیری اپنے ان عظیم شہداء کے مقدس مشن کو ہر قیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچائیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں محمد افضل گورو کی برسی پر سرینگر، سوپور اور دیگر علاقوں میں پابندیوں اور حریت رہنماؤں کی نظر بند ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر کے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیاہے۔انہوں نے کہا کہ پر امن پروگراموں کو سخت کرفیو، قدغنوں رکاوٹیں اور حریت رہنماؤں کی نظر بندی کے ذریعے ناکام بنانا، جامع مسجد سرینگر کو بار بار سیل کر کے لوگوں کو وہاں نماز جمعہ پڑھنے سے روکنا ، محاصرے اور گھر گھر تلاشیاں جیسے ظالمانہ اقدامات دنیا کے نام نہادجمہوری ملک کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ یہ سارے اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ کشمیر میں جمہوریت کے نام پر فسطائیت اور آمریت کا دور دورہ ہے اورکشمیریوں کو جبر و استبداد کی کارروائیوں کے خلاف پر امن طو پر آواز بلند کرنے کی بھی اجازت نہیں۔ بیان میں محمد اشرف صحرائی، غلام احمد گلزار، غلام محمد ڈار، بلال احمد صدیقی، محمد اشرف لایہ، رفیق احمد واہ، مشتاق احمد وانی، عمر عادل ڈار، فیاض احمد میر، سید امتیاز حیدر، محمد یاسین عطائی، محمد یوسف بٹ، بشیر احمدچوہان، سجاد احمد پال اور دیکر کی گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔
مقبوضہ کشمیر : حملے میں 2بھارتی فوجی افسر ہلاک، 6 اہلکار زخمی
سرینگر ۔ 10 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر حملے میں 2 افسر ہلاک جبکہ6 اہلکار زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ہفتہ کی صبح سویرے جموں کے علاقے سنجوان میں ایک فوجی کیمپ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2افسر ہلاک جبکہ6 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے کا نشانہ بننے والا فوجی کیمپ سرینگر جموں پٹھانکوٹ شاہراہ کے نزدیک ایک گنجان آبادی والے علاقے میں واقع ہے۔آخری اطلاعات کے مطابق مسلح افراد اور فوجیو ں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جار ی تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔