خبرنامہ کشمیر

بھارت نے کشمیریوں کے خلاف بھرپورجنگ چھیڑ رکھی ہے: یسین ملک

سرینگر ۔ 25 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارت نے کشمیر یوں کے خلاف بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے اس صورتحال میں بھارتی وفود سے ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں ایک بیان میں کہاکہ وادی کے چند سماجی شخصیات نے جے کے ایل ایف کے ذمہ داروں کو اطلاع دی کہ دلی سے ایک اعلیٰ سطح کا وفد یاسین ملک کی عیادت اور ان سے ملاقات کی غرض سے صورہ ہسپتال آناچاہتا ہے ۔انہوں نے بھارتی وفد سے ملاقات کی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی رواداری اور مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے اور ہم نے کبھی بھی کسی مہمان سے پہلو تہی کا سلوک نہیں کیا ہے لیکن موجودہ حالات میں ایسی کسی ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ108دنوں سے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اورجس پر کشمیریوں کو سب سے زیادہ تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کے قومی مفاد کا بہانہ تراش کر اس یک طرفہ عوام کش جنگ کی حمایت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسے حالات اور ماحول میں جبکہ پورا جموں و کشمیر غم و اندوہ کی آگ میں جھلس رہا ہے ، ہر گھر ماتم کدہ اور ہر آنگن بھارتی فورسزکے ظلم وجبر کا نشانہ بنا ہوا ہے ، جیلوں میں کشمیری نظربندوں کا کوئی پرساں حال نہیں نا ہی ہزاروں زخمیوں کا کوئی مداوا کرنے والا ہے، ہمارا کسی بھارتی وفد کے ساتھ ملاقات کرنا یا کسی بھارتی وفد کا ہمدردی کا اظہاراورانکی مزاج پرسی کیلئے ہسپتال آنا کئی معنی نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنے والا یہ وفد آخر کیسے اور کیونکر سارے زخمیوں اور بیماروں، بھارتی ظلم و جبر سے متاثر ہ کشمیریوں کی خبر گیری کرسکتا ہے اسی لئے ان سے ملاقات کی معذرت کی گئی ہے۔یاسین ملک نے بھارت نواز نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے امریکہ میں دئے گئے حالیہ بیان کہ مسئلہ کشمیر کو کنٹرول لائن کو مستقل سرحد بنا کر حل کیاجاسکتا ہر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے سینچی تحریک آزادی کو مذاق سمجھتے ہیں اور کنٹرول لائن کو مستقل سرحد بنانے کی باتیں کررہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی برطرفی اور اس کیخلاف احتجاجی مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس کی ایماء پر کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کے قائد عبدالقیوم وانی اور دیگرملازم لیڈران کو گرفتار اور نوکری سے معطل کردیا ہے ۔