خبرنامہ کشمیر

بھارت نے کشمیر کو پولیس اسٹیٹ اور بڑے جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے، یاسین ملک

بھارت نے کشمیر کو پولیس اسٹیٹ اور بڑے جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے، یاسین ملک

سرینگر(ملت آن لائن) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک پولیس اسٹیٹ اور بڑے جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے جہاں اظہار رائے کی آزادی اور پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں حریت رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کی گرفتاریاں ، جیلوں اور پولیس اسٹیشنوں میں نظربندی ، کرفیو اور قدغنیں روز کا معمول بن چکا ہے اور لوگوں کو مظالم کا نشانہ بنانے کیلئے کریک ڈاؤن آپریشنز ایک عام بات ہے۔ انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ تمام مظالم وہی نام نہاد حکمران ڈھارہے ہیں جو لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے خیالات کی جنگ،گولی نہیں بولی اور ہیلنگ ٹچ کے مفروضے بیچتے رہتے تھے۔ یاسین ملک نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی ایماء پر نہتے کشمیریوں کوبدترین مظالم کا نشانہ بناتے ہوئے شہید ، نظربند اور بینائی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں سمیت لوگوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور مقبوضہ علاقے میں پرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد ہے جبکہ شدید ترین سرد موسم میں کریک ڈاؤن کر کے خاص طورپر جنوبی کشمیر کے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔ یاسین ملک نے کہاکہ ان بدترین مظالم کے بعد بھی کٹھ پتلی حکمران ڈھٹائی، بے شرمی اور منافقت کی حد پار کر رہے ہیں اور وہی میٹھے زہرآلود نعرے دے کر لوگوں کو دھوکہ دینے اور انکی تحریک آزادی کو شکست دینے کے خواب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے اور پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے جہاں کوئی بھی متنفس اپنی آزادانہ مرضی سے سانس تک نہیں لے سکتا اور یہ سبھی جبر و ظلم آپریشن آل أوٹ کے نام پر کیا جارہا ہے جس کا مقصد بھارتی جابرانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کو ختم کرنا اور آزادی و حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی تڑپ اور جذبے کو شکست دینا ہے۔ لبریشن فرنٹ کے سربراہ نے کہاکہ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے لڑنے والی کمزور قوموں کو اس قسم کے جبر کا سامنا رہا ہے لیکن یہ ظلم و جبر نا ہی انہیں ہراپایا اور نہ آزادی کی جانب ان قوموں کی پیش قدمی کو کسی صورت میں روک سکا ہے۔اسی تناظر میں ہم بھی کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ پر باور کرانا چاہتے ہیں کہ ان کا یہ ظلم و جبر بھی کشمیریوں کے ارادوں اور حوصلوں کو شکست نہیں دے سکے گا اور کشمیری کبھی بھی ان کے سرینڈر نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے گزشتہ روز محمد یاسین ملک کو آبی گزر میں پارٹی دفتر سے گرفتار کر سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند کردیا تھا ۔