خبرنامہ کشمیر

بھارت نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ دھوکہ کیا ، مصطفی کمال

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نواز جماعت نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری اورسابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے بھائی شیخ مصطفی کمال نے بھارتی حکومت سے ہٹ دھرمی ، وقت گذاری اور ٹال مٹول کی پالیسی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے تمام فریقین کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مصطفٰی کمال نے سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری قوم پر ڈھائے جارہے مظالم ، قتل و غارت گری اور پکڑ دھکڑ کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے ساتھ بار بار دھوکہ اور فریب کیا جس کے نتیجے میں نئی دلی پرکشمیری قوم کا اعتما دپوری طرح ختم ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے ہمیشہ وقت گذاری اور دھوکہ دہی سے کام لیا گیا، کمیٹیاں اور کمیشن بنائے گئے لیکن جب ان کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کا وقت آیا تو بھارتی حکمرانوں کو جیسے سانپ سونگ گیا۔انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ کل جماعتی وفدکاکشمیر میں کوئی خریدار نہیں اور چند بھارت نواز جماعتوں کے سوا کوئی ان سے ملنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نواز جماعتوں نے بھی وفدپر واضح کیا کہ کشمیرمیں کوئی ان پر اعتبار نہیں کرتا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ اس وفد میں وہی لوگ شامل ہیں جو 2008ء اور 2010ء میں کشمیرآئے تھے لیکن واپس لوٹنے کے بعد ان رہنماؤں نے بھی کشمیر پر بات کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔