خبرنامہ کشمیر

بھارت پارلیمانی وفد کا مقبوضہ کشمیر کادورہ بےسود مشق تھا: اندرابی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کہا ہے کہ بھارتی پارلیمانی وفد کا جموں وکشمیر کا حالیہ دورہ اور اسی سلسلہ میں دلی میں بلایاگیا اجلاس بے مقصد اور لاحاصل مشق ثابت ہواہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں جسے ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے بھارت کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے اور وہ دن زیادہ دور نہیں جب جموں و کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔انہوں نے دلی کے اجلاس کے بارے میں میڈیا میں آنے والی باتوں کو جھوٹ کا پلندہ قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے نہیں بلکہ کشمیری قیادت نے مذاکرات کی دعوت کو ٹھکرایاہے۔انہوں نے پارلیمانی وفد سے وضاحت طلب کی کہ جب وہ کہتے ہیں کہ مہذب دنیا میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں تو وہ کس ملک کی بات کرر ہے ہیں کیونکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارت ایک غیر مہذب اور ظالم ملک ہے جونہ صرف جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قابض ہے بلکہ وہ نہتے کشمیریوں کو اپنا حق خودارادیت مانگنے پر بدترین ظلم و تشدد اور بدترین ریاستی دہشت گردی کا بھی نشانہ بنارہا ہے ۔آسیہ اندرابی نے کہاکہ گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریو ں کو تہہ تیغ کیا، دس ہزار جوانوں کوحراست کے دوران لاپتہ ، خواتین کی بے حرمتیاں کیں اور گزشتہ دو ماہ کے دوران پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیار کے ذریعے 90سے زائد کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی اور سینکڑوں نوجوانوں کوبینائی سے محروم کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نہتے عوام پر بدترین ریاستی دہشت گردی اور انہیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نشانہ بنانے کا اعزا ز دنیامیں صرف دو ممالک بھارت اور اسرائیل کوہی حاصل ہے۔ حریت رہنماء نے کہاکہ بھارت کاتہذیب یافتہ ملک ہونا تو درکنار وہاں جنگل کے قانون سے بھی براحال ہے۔