خبرنامہ کشمیر

بھارت پاکستان کی مذاکراتی پیشکش کا مثبت جواب دے، میر واعظ

سری نگر:(ملت+اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے لہٰذا مسئلے کے حل کیلیے نئی دہلی کواسلام آباد کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت ردعمل دکھانا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ بھارتی قیادت جنوبی ایشیا کے لاکھوں لوگوں کی بہتری کیلیے اسلام آبادکی مذاکرات کی پیشکش کامثبت جواب دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 70 سال سے حل طلب مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکالے۔ انھوں نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی ہٹ دھرمی ترک کر دے۔ نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کشمیرمیں رائے شماری کے مطالبے کے حق میں سری نگر میں قانون اسمبلی کے باہر دھرنا دیا۔ مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ6ماہ کے نامساعد حالات کے دوران بھارتی قابض فورسزاہلکاروںکی کارروائی میںزخمی شہریوںکی جان بچانے کیلیے مختلف علاقوں میں کیمپوں میںرضاکارانہ طور پر 2767 پوائنٹ خون کا عطیہ دیا گیا۔ ضلع پونچھ میں ایک سنتری نے فائرنگ کرکے بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس کے2 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں جرائم کے اعدادوشمار کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے کے مطابق بھارتی فوج کی بھاری تعداد میں مستقل موجودگی کے باعث گزشتہ 8 سال کے دوران خواتین کے خلاف جرائم میں 50 فیصد اضافہ ہواہے۔ مقبوضہ کشمیر میںغیرکشمیری ہندومہاجرین کومستقل اقامتی اسنادکے اجرا اور بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ کشمیرمخالف فیصلے کے خلاف متحدہ حریت قیادت کی کال پر سری نگرکے علاقے آبی گزرسے لال چوک تک مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی اوردھرنا دیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس، میرواعظ فورم اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین نے دھرنے میںشرکت کی۔ ریلی لبریشن فرنٹ کے دفترآبی گذرسے شروع ہوئی تاہم پرتاپ پارک کے سامنے پہنچے پربھارتی فورسزنے ریلی کے شرکاکاراستہ روک لیا۔ شرکا نے پریس انکلیوسے متصل سڑک پردھرنادے دیا۔ قائدین نے خطاب میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کا حالیہ حکمنامہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اور جموںوکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی ایک سازش ہے۔