خبرنامہ کشمیر

بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیر یوں کیلئے مزید مشکلات اور مصائب کا باعث بنتا ہے، فاروق رحمانی

بھارت کا یوم جمہوریہ

بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیر یوں کیلئے مزید مشکلات اور مصائب کا باعث بنتا ہے، فاروق رحمانی

اسلام آباد(ملت آن لائن) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ گناہ شہریوں کے قتل ، محاصروں، پابندیوں اور حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ ہر برس کشمیر یوں کیلئے مزید مشکلات اور مصائب کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس موقع پر قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں نام نہاد سکیورٹی کے نا م پر محاصروں ، تلاشیوں اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت عام کشمیریوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے لہذا کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو ہر برس یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اکتوبر 1947میں ڈوگرہ مہاراجہ کی طرف سے بھارت کے ساتھ نام نہاد الحاق کی طرح بھارتی آئین بھی 26جنوری 1950کو کشمیر میں جبری طور پر لاگو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ میں لے گیا تھا جس نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کیں لیکن وہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کے بجائے اپنا آئین کشمیریوں پر مسلط کرنے اور انکی حق خود ارادیت کی تحریک کوجبر و استبداد کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ ستر برس کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیااور اب بھی اس کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے کہ وہ پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے ایک پر امن حل پر آمادہ ہے۔ محمد فاروق رحمانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز ضلع شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں اور ہندواڑہ قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔