خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیرمیں انتشار کی سیاست پرعمل پیرا ہے، انجینئررشید

بھارت کشمیرمیں

بھارت کشمیرمیں انتشار کی سیاست پرعمل پیرا ہے، انجینئررشید

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد اسمبلی کے رکن اورعوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ کشمیریوں پرزوردیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نہ صرف اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں بلکہ کشمیری قیادت کو بھی کسی متفقہ ایجنڈے پر کام کرنے کیلئے تیار کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے رفیع آباد کے علاقوں زتھن اور چاٹوسہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا منتشر الخیال ہونا ہر لحاظ سے نہ صرف بھارت کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ یہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کاباعث بھی بن رہی ہے ۔انہوں نے نظریاتی ، ذاتی اور فروعی اختلافات کو مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں صورتحا ل جو ں کی توں رکھنا بھارت اور اسکی کٹھ پتلیوں کیلئے سود مند ثابت ہو ئی ہے اور وہ اپنی روایتی سیاست سے ایک بھی قدم ہٹنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت نہیں ہو رہی ہے۔انجینئر رشید نے کہاکہ بھارت بھی کشمیر میں سیاسی جماعتوں کی تقسیم در تقسیم کے درپہ ہے تاکہ اسے مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کا جواز مل سکے ۔ انہوں نے بھارت نواز سیاست دانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اقتدارکا لالچ اور ووٹ بینک بڑھانے کی خاطر کشمیریوں کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں ۔