خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیریوں کوحق خودارادیت دینےکا اپناوعدہ پورا کرے، گیلانی

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ حریت قیادت بات چیت کے ہرگز خلاف نہیں لیکن وہ ایسی بات چیت کا حصہ نہیں بننا چاہتی جسکا مقصد محض فوٹو سیشن اور وقت گزاری ہو۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے پانزن چاڈورہ اور نصراللہ پورہ بڈگام میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 47سے جموں وکشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قابض ہے جسکے خلاف کشمیری قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے سرینگر کے لالچوک میں برملا اعلان کیا تھا کہ جموں کشمیر سے فوج نکال کر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گاجبکہ انہوں نے اگست 48ء میں اپنی پارلیمنٹ میں بھی کہا کہ جو وعدہ انہوں نے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ کیا ہے وہی وعدہ نہ صرف پاکستان بلکہ اقوامِ عالم کے ساتھ بھی کیا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت کا موقع دیا جائے گا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ پنڈت نہرو نے بھارتی پارلیمنٹ میں یہ بھی کہا کہ وہ جبری شادیوں کے قائل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوی 48میں بھارت خود مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے گیا جس نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں متعدد قراردادیں پاس کیں اور پاکستان اور بھارت نے ان قراردادوں پر دستخط کئے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارت نے وعدہ شکنی کی اور کشمیریوں کو اب تک نہ صرف حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے بلکہ وہ حق پر مبنی جد وجہد میں مصروف کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک 92کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ دس ہزار سے زائد لوگ زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیلٹ بندوق کے ذریعے سینکڑوں کشمیریوں کو بصارت سے محروم کیا گیا۔ حریت چیئرمین نے کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی حکومت ایک طرف سے جبر و استبداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف بات چیت کا بھی ڈھونڈورا پیٹا جا رہا ہے جو مکاری اور عیاری کی انتہا ہے۔ سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحی سادگی کے ساتھ منائیں اور اس موقع پر ضرورت مندوں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار افراد کا خاص خیال رکھیں۔