خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیریوں کی شناخت مٹانے کے درپے ہے: یاسین ملک

بھارت کشمیریوں کی شناخت مٹانے کے درپے ہے: یاسین ملک
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ قرآن وسنت کی اتباع کے ساتھ ساتھ علامہ اقبالؒ کے کلام کو بھی خصوصیت کے ساتھ پڑھیں او رسمجھیں ۔انہوں نے شاعر مشرق کو ملت کا داعی اور محسن قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے حق اور باطل کا ادرا ک دیگر مسلمانوں پر ایک بڑا احسان کیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار ’’اقبالؒ …. داعئ حق، محبّ انسانیت‘‘ کے عنوان سے سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ سیمینارسے خطاب میں کیا۔ سیمینار کا انعقاد علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ سید علی گیلانی نے اپنے صدارتی خطاب میں علامہ محمد اقبالؒ کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں باطل نے بہت سارے بُت تراشے ہیں، مگر المیہ یہ ہے کہ کافر بت تراشتا ہے اور مسلمان اس کی پرتش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں لادینیت سب سے بڑا بُت ہے جس کو ایک نظریئے کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور جہاں کہیں بھی لادین تہذیب برسرِ اقتدار ہے، وہاں اہل حق کو برداشت نہیں کیا جارہا ہے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں اہل حق کو قتل کیا جا رہا ، انہیں جیلوں میں ڈالا جارہا ہے اور تختہ دار پر چڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں مسلمانوں کو اپنے حق مانگنے کی پاداش میں قتل کر رہا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی تہذیب اور شناخت مٹانے کے لیے کھلی جارحیت کر رہا ہے ۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیٰسین نے اپنی تقریر میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے ملّت کو آفاقی تصور دیا تھا، مگر بدقسمتی سے مسلمانوں کو مسلکوں کی بنیاد پر بانٹا گیا۔ ملّت کے اماموں نے ملی تصور کے بجائے مسلکوں کی ترجمانی کی جس کے باعث مسلمان بکھر گئے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، مگر بھارت کی فاشسٹ حکومت ظلم وجبر اور طاقت کے سہارے کشمیریوں کو زیر کروانا چاہتی ہے مگر بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ بھارتی جبر کے آگے نہیں جھکیں گے اور شہدا کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبالؒ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مسلمانانان ہند کو عقیدے اور نظرئیے کی پختگی دی، انہیں جذبۂ حریت اور جذبۂ اسلام کی تازگی عطا کی۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ٹریفک جام کے سبب سیمینار میں شرکت نہ کر سکے۔سید علی گیلانی کی صدرات میں ہونیوالے سیمینارسے مولانا الطاف حسین ندوی، معراج الدین ربانی، غلام محمد ڈار نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض محمد اویس نے انجام دئے۔ سیمینار میں جن دیگر آزادی پسند رہنماؤں نے شرکت کی ان میں غلام نبی سمجھی، محمد شفیع لون، محمد سلیم زرگر،سید محمد شفیع، حکیم عبدالرشید، مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد یوسف نقاش، فیروز احمد خان، سید الطاف اندرابی، ایڈوکیٹ دیوندر سنگھ بیل اور شاہین احمد شامل ہیں۔