خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتا: شاہ غلام قادر

راولپنڈی (ملت آئی این پی) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے بھارتی فوج کی جانب سے عباس پور سیکٹر میں سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتا بھارت ایسے جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے کہ وہ اب شہری آبادی اور معصوم شہریوں کے علاوہ چھوٹے بچوں کو نشانہ بنا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے جس طرح عباسپور سیکٹر میں معصوم جانوں کو نشانہ بنایا وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فائرنگ سے کنٹرول لائن پر بسنے والی سول آبادی کو شدیدخطرہ ہے کیونکہ وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں انہوں نے کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیری شہریوں کے جذبے اور حوصلے کی تعریف کی اور کہاکہ تمام تر بھارتی فائرنگ کے باوجود وہ اپنی جگہ موجود ہیں اور انتہائی بہادری سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن سے بھی کہاکہ وہ ان علاقوں کا دورہ کر کے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کو رپورٹ کرے تاکہ اسے ان انسان دشمن اقدامات سے باز رکھا جا سکے۔کہ بھارت کی شہری علاقوں پر فائرنگ کی زد میں سکول کے بچے آتے ہیں جو انسانی المیہ ہے۔انہوں نے کہاکہ عباس پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پندرہ سالہ بچی شدیدزخمی ہوئی اور تین اور افراد بھی زخمی ہوے جبکہ کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کو مالی نقصان بھی پہنچا۔انہوں نے کہااقوام عالم سے اپیل کی وہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے تاکہ شہریوں کو درپیش خطرات کم کرنے میں مدد مل سکے۔