خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہا س نے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایسے جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے کہ وہ اب شہری آبادی اور معصوم شہریوں کے علاوہ چھوٹے بچوں کو نشانہ بنا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے جس طرح ،خواتین معصوم جانوں کو نشانہ بنایا وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فائرنگ سے کنٹرول لائن پر بسنے والی سول آبادی کو شدیدخطرہ ہے کیونکہ وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کریں اور ان کے لیے دیگر سہولتوں کو بھی آسان بنایا جائے ۔انہوں نے کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیری شہریوں کے جذبے اور حوصلے کی تعریف کی اور کہاکہ تمام تر بھارتی فائرنگ کے باوجود وہ اپنی جگہ موجود ہیں اور انتہائی بہادری سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن سے بھی کہاکہ وہ ان علاقوں کا دورہ کر کے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کو رپورٹ کرے تاکہ اسے ان انسان دشمن اقدامات سے باز رکھا جا سکے ۔