خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیریوں کے دلوں کوکبھی فتح نہیں کر سکتا، مختار وازہ

بھارت کشمیریوں کے دلوں کوکبھی فتح نہیں کر سکتا، مختار وازہ
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈ م پارٹی نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں پابندیوں کے نفاذ اور لوگوں کوجمعہ کی نمازکی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز ایک طرف نہتے کشمیریوں کو آئے روز قتل کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف بیگناہوں کے قتل کے خلاف لوگوں کو پر امن احتجاج کی بھی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے سیاسی ، معاشرتی اور مذہبی حقوق سلب کر کے جمہوری قدروں کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں اور رکاوٹوں کو حفاظتی اقدامات کا نام دیکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مہذب ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دباؤ ڈالیں۔ دریں اثنا حریت رہنما مختار احمد وازہ نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر مزید کچھ وقت کیلئے کشمیر پر قابض تو رہ سکتا ہے لیکن وہ کشمیریوں کے دلوں کو فتح کرنے میں کبھی کامیا ب نہیں ہوگا۔ مختار احمد وازہ نے ترال کے علاقے منڈورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسکا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ 70برس سے اپنی پوری طاقت لگا کر بھی مسئلہ کشمیر کی ہئیت اور حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکا ہے اور نہ کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کو دبانے میں کامیاب ہوسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے خطے میں بدامنی ، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کا اب تک حل نہ ہوتا ہے۔انھو ں نے میرواعظ عمر فاروق کی گھر میں نظر بندی اور آسیہ اندرابی،ناہیدہ نسرین اور مشتاق الاسلام کی غیر قانونی نظربندی کے بعد دوبارہ گرفتاری کی سخت مذمت کی ۔