خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیری سیاسی نظر بندوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے

مقبوضہ کشمیر؛

بھارت کشمیری سیاسی نظر بندوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے

جموں(ملت آن لائن) جموں وکشمیرمسلم لیگ نے سجاد احمد ناؤ کی سینٹرل جیل سرینگر سے عدالتی احکامات پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتاری اور حاجن تھانے میں ان پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے نائید کھائی کے رہائشی سجاد احمد گزشتہ دو برس سے غیر قانونی طور پر نظر بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سجاد احمد کو عدالت کے حکم پر رہا کیا گیا لیکن سینٹرل جیل کے احاطے میں ہی انہیں دوبارہ گرفتا ر کرکے حاجن تھانے میں پہنچادیا گیا جہاں انہیں اس قدر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا کہ ان کیلئے چلنا پھرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے پر امن جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کی پاداش میں جن کشمیریو ں کو جیلوں میں پہنچا دیا جاتا ہے وہ سیاسی نظر بندوں کا درجہ رکھتے ہیں لہذ وہ بھارت انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کا عمل فوری طور پر ترک کرے۔ دریں اثنا جموں کشمیرمحاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر نے حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، امتیاز احمد ریشی اوراپنی تنظیم کے ضلع اسلام آبادکے صدر منظور احمد بٹ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ محمد اقبال میر نے ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام نوجوانوں کی گرفتاری سے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی ترک کرنے پر ہرگز مجبور نہیں کر سکتی۔ محمد اقبال میر نے تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ۔محمد اقبال میر نے شہید سجاد احمد کنیو کو شہادت کی 22 ویں برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلا م آباد میں منگل کے روز شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔