خبرنامہ کشمیر

بھارت کشمیر کی دلدل سے نکلنے کی راہیں تلاش کر رہا ہے: اعظم انقلابی

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر محاذِ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام آزادی کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے اور وہ بھارتی استعماریت اور جبر و استبداد کے خلاف مُزاحمتی تحریک عزم و حوصلے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اعظم انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیور اور بہادر کشمیریوں نے پچھلے 70سال کے دوران آگ اور خون کے سمندر سے گزرتے ہوئے اپنی مُزاحمتی تحریک کو ایک ایسے مقام تک پہنچایا ہے جہاں بھارت کے لیے کشمیر اب ایک ایسی دلدل بنا ہوا ہے جس میں سے نکلنے کے لیے وہ راہیں تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہ آزادی کی اس جدوجہد میں اِس قوم کے کتنے ہی سپوت راہِ حق میں کام آئے اور شہید محمد مقبول بٹ، افضل گورُو ، میرواعظ مولوی محمد فاروق، ڈاکٹر قاضی نثار، خواجہ عبدالغنی لون، ایس حمید، شیخ عبدالعزیز، ڈاکٹر غلام قاد روانی، جلیل اندرابی، ایڈووکیٹ حسام الدین ، مولانا شوکت شاہ، اشفاق مجید وانی، مقبول الہٰی، شمس الحق، الطاف قریشی سمیت کشمیر کے لاکھوں شہداء کشمیریوں کی پہچان اور انکی آزادی کی ضمانت ہیں۔ محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ عظیم شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گااور فتح آخر کار حق و انصاف کی ہو گی۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پور حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔