خبرنامہ کشمیر

بھارت کو اوچھے ہتھکنڈو ں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، سید علی گیلانی

بھارت کو اوچھے ہتھکنڈو ں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، سید علی گیلانی

سرینگر (ملت آن لائن) بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے‘‘ نے ممتاز آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے سید شاہد یوسف کی گرفتاری کے بعد انکے نواسے مزمل احمد خان کو بھی پوچھ گچھ کے لیے نئی دہلی طلب کر لیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید شاہد یوسف کو ای ین ٓائی اے نے 24اکتوبر کو چھ برس پرانے ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جس کے اگلے دن نئی دلی کی ایک عدالت نے انہیں سات روز ریمانڈپر تحقیقاتی ادارے کے حوالے کیا تھا۔
این آئی اے نے اب شاہد یوسف کے بھانجے اور سید صلاح الدین کے نواسے مزمل احمد کو بھی نئی دلی طلب کر لیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے چند دن قبل ضلع بڈگام کے علاقے سوئیہ بگ میں سید صلاح الدین کے گھر پر چھاپہ مار کر انکے اہلخانہ کے چند موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا تھا۔مزمل احمد کے اہلخانہ کا کہا ہے کہ مزمل کی چند ماہ سے صحت ٹھیک نہیں ہے اورڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرا م کا مشورہ دیا ہے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سید صلاح الدین کے گھر پربھارتی تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے ‘‘کے چھاپے، بیٹے کی گرفتاری کے بعد اب ان کے نواسے مزمل احمد خان کو دہلی طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیاں سیاسی انتقام گیری کے سوا کچھ نہیں۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ مزمل احمد خان طالب علم ہیں اور این آئی اے کی طرف سے ان کی طلبی کا اقدام انکے تعلیمی مستقبل کو تباہ کرنے کی ایک دانستہ کوشش کی ہے ۔
انہوں نے سید صلاح الدین کے اہلخانہ کے خلاف کارروئیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کشمیرکی آزادی کے لیے ان کی جدوجہد پر اثر انداز ہونے کے لیے کیا جارہا ہے مگر بھارت کو اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈو ں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ سید علی گیلانی نے بھارتی حکومت کی طرف سے معروف عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائک کے خلاف چارج شیٹ پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذاکر نائک نے کبھی بھی انتہا پسندی یا معاشرے میں تفریق کی ترویج نہیں کی بلکہ ہمیشہ اسلام کے پُر امن پیغام کو دوسروں تک پہنچاتے رہے لہذا بھارتی حکومت انکے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈ ہ کر کے اپنے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔