خبرنامہ کشمیر

بھارت کو کشمیر میں اپنی جبر و استبداد کی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، کل جماعتی حریت کانفرنس

بھارت کو کشمیر

بھارت کو کشمیر میں اپنی جبر و استبداد کی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت نکانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور غیر آئینی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے جبر و استبداد کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے جس سے اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ ابتر صورتحال کی تمام ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے جس نے اپنی آمرانہ پالیسوں سے مقبوضہ علاقے کو ایک میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی آواز کو دبانے کے لئے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو گھروں، تھانوں اور جیلوں میں مسلسل نظر بند رکھا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہ بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اس کی کٹھ پتلیاں کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے تمام ذرائع اور وسائل استعمال میں لارہے ہیں۔انہوں نے حریت ترجمان غلام احمد گلزار کی گھر سے گرفتاری اور تھانہ شیرگڑی میں بند کرنے کی بھارتی پولیس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبر واستبداد کے ذریعے قوموں کی آواز کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر مکمل طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے ظلم وجبر، دھونس دباؤ اورغیر حقیقت پسندانہ طرز عمل سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔