خبرنامہ کشمیر

بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے: ترابی

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کے رہے گا،مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہو چکی ہے مسلسل کرفیو ہے جس سے مقبوضہ کشمیر عملاً فوجی چھاونی کانقشہ پیش کررہا ہے ،قائدین حریت مظالم کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ،شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا خون دے کر اس تحریک کو زندہ رکھا ،مہاجرین نے بڑے مقصد کے لیے ہجرت کی اور استقامت کے ساتھ تحریک آزادی کی پشتیبانی کی جماعت اسلامی مہاجرین کی پشتیبان ہے تعلیم اور صحت کے میدان میں جماعت اسلامی کی گراں خدمات ہیں جماعت اسلامی اپنی شاندار روایات کو جاری رکھتے ہوئے مہاجرین کے شانہ بشانہ رہے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے مہاجر کیمپ امبور میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں امبور مہاجر کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے تحریک کو کبھی کچل نہیں سکتا ہم یہ جنگ جیتیں گے اور آزادی کی صبح جلد طلوع ہو گی انہوں نے کہا کہ ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھ لے پوری دنیا ہندوستان کے مظالم کی مذمت کررہی ہے سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مضبوط انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہاجرین کے شانہ بشانہ ہے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر سے مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تحریک کررہے ہیں مہاجرین کے گزارہ الاونس میں اضافہ اور زلزلہ سے مثاثرہ مہاجرین کی رہائش کے لیے متبادل جگہ کا انتظام ،امبور کیمپ کے مکینوں کے لیے قبرستان اور پانی کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت کو توجہ دلائیں گے اور اسمبلی کے فورم پر بھی اپنی آواز کو بلند کریں گے ،انہوں نے کہاکہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انقلاب برپا ہے عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کی سنگینی کوسمجھتے ہوئے مسئلے کو حل کرانے میں اپناکردارادا کرے انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ کے دوران ممبران پارلیمنٹ ،کونسلرز،صحافیوں اور دانشوروں کو مسئلہ کی سنگینی سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ ہندوستان بارود کے ڈھیر پر بیٹھاہوا ہے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ،عبدالرشید ترابی نے مہاجرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔