خبرنامہ کشمیر

بھارت کی ہٹ دھرمی جموں وکشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کا زیاں جاری:حریت کانفرنس(گ)

سرینگر ۔(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سرفروش اپنی زندگیوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں ہم ان کے مقروض ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس (گ)کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں کانفرنس کی مجلس شوریٰ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے نوجوان ہمارے ’’کل‘‘ کے لیے اپنے ’’آج‘‘ کو قربان کرکے ہم پر بھاری ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے شہداء کے مشن کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں وکشمیر میں خون خرابہ اور قیمتی انسانی زندگیوں کا زیاں جاری ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری امن پسند لوگ ہیں اور ہم اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کی سب سے زیادہ ضرورت کشمیریوں کو ہے لیکن جموں و کشمیر اور اس پورے خطے میں امن قائم کرانے کی کنجی بھارت کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق کو تسلیم کرلینا چاہیے۔ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور یہاں کے لوگ کسی صورت میں بھارت کے فوجی قبضے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اجلاس میں کہا گیاکہ جب تک کشمیریوں سے ان کی رائے معلوم نہیں کرلی جاتی اور ان کی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا، جدوجہد ہر سطح پر اور ہر قیمت پر جاری رہے گی اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو بھارت کی غلامی قبول کرنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہے۔ مجلس شوریٰ نے آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کرنے کے لیے سوموار کو دن بارہ بجے ایک پریس کانفرنس بلانے کے فیصلے کی بھی توثیق کردی۔ اجلاس میں نیشنل فرنٹ، انصاف پارٹی، تحریک مزاحمت، گجر پہاڑی ریپبلکن فورم، پیروانِ ولایت، مسلم لیگ، مسلم کانفرنس، تحریک حریت، ماس مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ، تحریکِ وحدتِ اسلامی، پیپلز لیگ، تحریک خواتین کشمیر، ایمپلائز مومنٹ اور پیپلز پولٹیکل لیگ کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔