خبرنامہ کشمیر

بھارت کےکل جماعتی وفد کا دورہ کشمیریوں کےساتھ بھونڈا مذاق ہے: آغا حسن

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سینئرحریت رہنما اورانجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے نہ کوئی روڈ میپ اور نہ کوئی ایجنڈا ہے اور اس صورتحال میں مسلسل جدوجہد ہی حصول مقاصد کا واحد راستہ ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آ غا سید حسن نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں خانپورہ میں عوامی اجتماع کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز کی ظالمانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے کل جماعتی وفد کا دورۂ کشمیر ،کشمیریوں کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفد مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی ایجنڈالیکر نہیں آیا تھابلکہ کشمیر میں اپنے وفاداروں اور آلہ کاروں سے صرف یہ صلح ومشورہ کرنے آیا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ختم کرنے کیلئے کون سا کارگر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ آغا حسن نے بھارتی آئین کے تحت مذاکرات کو قاتل کی سرپرستی میں مقتول کے مقدمے کی شنوائی کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آئین کا کشمیر اور تنازعہ کشمیر سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔