خبرنامہ کشمیر

بھارت کے زیراہتمام انتخابات کشمیریوں پرکاری ضرب؛حریت قیادت

بھارت کے زیراہتمام انتخابات کشمیریوں پرکاری ضرب؛حریت قیادت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی تسلط اور آئین کے تحت ہونے والا ہرنام نہاد الیکشن کشمیریوں کے مفادات پر کاری ضرب ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا ہم اُن ظالموں کو ووٹ دے کر ان کے ہاتھ کیسے مضبوط کرسکتے ہیں جنہوں نے شیر خوار معصوم بچیوں مریم اورازریٰ کو اپنی ماؤں کی شفقت سے محروم کیا اور ہمیں اپنے لخت جگروں کی مسخ شدہ لاشیں وصول کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے اعلان کردہ پنچایتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی تسلط کے تحت ہونے والے نام نہاد اسمبلی، بھارتی پارلیمان ، بلدیاتی یا پنچایتی انتخابات کشمیریوں کے مفادات پر کاری ایک ضرب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکمران اور اس کی مقامی کٹھ پتلیاں طویل عرصے سے ڈھونگ انتخابات کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد اور تحریک آزادی کی نفی کرتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک زندہ قوم کی حیثیت سے ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیرمیں ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی فسطائی حکمرانی قائم کرنے کے درپے جماعتوں اور کٹھ پتلیوں کو کیسے ووٹ دے سکتے ہیں جو کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرکے کشمیریوں کواقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جن کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، جو پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کے ذریعے ہزاروں کو بینائی سے محروم ،ہزراوں کو پابند سلاسل، خواتین کی بے حرمتیوں ، کرفیو اوربدترین پابندیوں اور قتل عام میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ جماعتیں اور کٹھ پتلیاں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے اور بھارت کے جبری تسلط کو طول دینے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں ۔ حریت قائدین نے کہا کہ نام نہاد انتخابی ڈھونگ کے نتیجے میں معرض وجود میں آنے والی اسمبلیاں اور اس کے ممبران کشمیریوں کی قاتل فورسز اور فوجیوں کو مواخذے سے استثناء کا سرٹیفکیٹ فراہم کرتی ہیں جو کشمیریوں کو تہہ تیغ کرنے میں منہمک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم کیسے ان لوگوں کے ہاتھ ووٹ ڈال کر مضبوط کرسکتے ہیں جو ہمیں اپنے لخت جگروں کی مسخ شدہ لاشیں اُٹھانے پر مجبور ،ہمارے جوانوں کی لاشوں پر رقص اور ہماری بستیوں کو آگ و آہن کی نذر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور اس کے آلہ کار یہ ڈھونگ با ر بار رچاتے ہیں اور کشمیری عوام کو دھوکہ دینے کی غرض سے خوش کن اور عوامی مقبولیت کے نعرے لگاکر ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہاکہ بھارت ہمیشہ ڈھونگ انتخابات کو جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو مضبوط کرنے اورعالمی برادری کو دھوکہ دینے کیلئے استعمال کرتا ہے اور یہ عمل بہرصورت ہمارے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے ہی استعمال ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد اسمبلی ، بھارتی پارلیمان، اس کے جملہ ممبران ، نام نہاد حکمران ، پنچایتی اور میونسپل کمیٹیوں کے ممبران سبھی کشمیریوں کے قومی و ملی مفادات کے دشمن ہیں اور ایسے الیکشن سے دور رہنا ہمارا قومی و ملی فریضہ ہے ۔ پنچایتی انتخابی ڈھونگ کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ بھارتی آئین کے تحت ہونے والے یہ الیکشن دراصل کشمیریوں کی آزادی کو سلب کرنے اورظلم و جبر پر پردہ ڈالنے کا عمل ہیں اور ان کا مکمل با ئیکاٹ کرنا ہم سب کا فرض ہے تاکہ عالمی برادی کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ کشمیری صرف بھارتی غلامی سے آزادی چاہتے ہیں اور آزادی کے سوا انہیں کوئی اورچیز قبول نہیں ۔