خبرنامہ کشمیر

بیگناہ کشمیریوں کا قتل بھارتی جمہوریت کےچہرے پردھبہ ہے، یاسین ملک

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیرقانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں بے گناہ لوگوں کا قتل بھارتی جمہوریت اور انسانیت کے چہرے پر دھبہ ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بڈگام کے علاقے آری پانتھن میں چار شہریوں کے حالیہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں بیگناہوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب تک حل نہ ہونے کے باعث کشمیریوں کی ایک اور نسل کو قتل و غارت کا سامنا ہے جسکا ثبوت گزشتہ چالیس روز کے حالیہ انتفادہ کے دوران 80 بے گناہ کشمیریوں ، جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں ، کا قتل ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ آزادی کیلئے کشمیریوں کی سات نسلوں نے اب تک بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور کٹھ پتلی حکومت بڑی ڈھٹائی کے ساتھ نہتے کشمیریوں کے خلاف چیرہ دستیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور محکوم کشمیریوں کے ساتھ مظالم کا سلسلہ روز بہ روز بڑھ رہا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کو یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ جبر و استبداد کے ذریعے محکوم اقوام کو ہرگز زیر نہیں کیا جاسکتا لہذا کشمیری بھی اپنے عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جد وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزادی کی منزل پا لیں گے۔ دریں اثنا محمد یاسین ملک نے پاکستان میں مقیم لبریشن فرنٹ کے رہنما محمد سلیم ہارون کی خوش دامن کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی ہے ۔ انہوں نے سلیم ہارون اور دیگر غم زادہ لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار تعزیت کیا ۔