خبرنامہ کشمیر

بے گناہوں کی رہائی کی بات کرنا اعتراف جرم ہے، رشید

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے حالیہ بیان کہ پولیس کو بے گناہوں کی رہائی کیلئے انکے خلاف قائم مقدمات پر نظرثانی کرنی چاہیے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعلیٰ کا یہ بیان اعتراف جرم ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کے بیان سے ایک تو انکی بے بسی ظاہر ہوتی ہے اور یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پولیس جو کچھ بھی کررہی ہے اس میں اسے انکی مکمل تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ نے جس طرح پولیس سے کہاہے کہ بے گناہ شہریوں کو چھوڑ دیا جانا چاہئے وہ اس بات کا اعتراف ہے کہ پولیس بے گناہ لوگوں کو جھوٹے اور فرضی کیسوں میں ملوث کرکے نظربند کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرواقعی محبوبہ مفتی کو اس چیز کا احساس ہے کہ بے گناہوں کو جیلوں سے چھوڑ دینا چاہئے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ کسی بھی وزیر اعلیٰ کو پولیس سے درخواست کرنے کے بجائے نہ صرف بے گناہوں کو چھوڑنے کا حکم دینا ہوتا ہے بلکہ بے گناہوں کو گرفتار کرنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کرنا بھی اسی کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس بات کا غالب امکان ہے کہ پولیس کو بے گناہوں کی گرفتاری کیلئے محبوبہ مفتی کا آشیر واد حاصل ہو ۔ انجینئر رشید نے محبوبہ مفتی سے کہا کہ وہ یا تو اپنی بے بسی کا اعلان کریں یا پھر بتادیں کہ پولیس اْن کے حکم پر تمام کارروائیاں انجام دے رہی ہے ۔