خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت؛ نظر بندکشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر۔: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نظربندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے قطعی طور پر محروم رکھا گیا ہے جبکہ غیر معیاری غذا کے سبب ان کی صحت شدید طور پر متاثر ہو رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سوپور کے رہائشی تحریک حریت کے رہنما حاجی محمد رستم بٹ کو جاری انتفادہ کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا اور ادھمپورجیل میں نظر بندی کے دوران ہی انکے والد وفات پا گئے لیکن انہیں والد کے جنازے میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نظر بندی کے باعث حاجی محمد رستم کی بینائی بھی متاثر ہو چکی ہے۔ ترجمان نے غلام مصطفی وانی ،شاہ ولی محمد ،مولانا سرجان برکاتی،ایاز اکبر،طارق احمد گنائی ،محمد اشرف لایا،بشیر احمد قریشی،ظہور احمد کمار اور دیگر نظر بندوں کی گرتی ہوئی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ ترجمان نے بھارتی پولیس کی طرف سے راولپورہ کے ڈار محلے میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں اور عرفان احمد ڈار اور مدثر احمد خان کی گرفتاری، خواتین کی بے حرمتی اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی ریاستی گردی قرار دیا۔