خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کا نظربند کارکن کی حالت زارپر اظہار تشویش

تحریک حریت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند پارٹی عہدے دار عبدالرحمان تانترے کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطاق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بروقت علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم نہ کرنے کی وجہ سے عبدالرحمان تانترے کی دماغ کی شریان پھٹ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نظربندوں کو مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولتوں سے محرومی کے بارے میں کٹھ پتلی انتظامیہ کو بار بار مطلع کیاگیامگر جیلوں میں نظربندوں کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ سیاسی نظربندوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان تانترے جیل میں نیم بے ہوشی کی حالت میں ہیں اور ان پر فالج کا حملہ ہونے پر انکے اہل خانہ نے بھی گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ترجمان نے انکے جسم کا ایک حصہ بے کار ہونے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے انہیں فوری طورپر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے اور طبعی بنیادوں پر انہیں رہاء کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے خبردار کیاکہ اگر عبدالرحمان کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیاتو اس کی تمام تر ذمہ دار ی انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔