خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کی تنظیم کے رہنما عاشق حسین اور دیگر کی گرفتاری کی مذمت

سرینگر:(ملت+ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے تنظیم کے تحصیل اسلام آباد کے صدر عاشق حسین نارچورکی آزادی کے حق میں پر امن مظاہریوں میں شرکت کی پاداش میں گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کی طرف سے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی پولیس نے عاشق حسین کو جمعہ کے روز اسلام آباد میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مسجد بیت المکرم میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ بیان میں انکی گرفتاری کی قطعی طور پر بلا جواز قرار دیا گیا۔دریں اثنا تحریک حریت نے ترال کے علاقے ڈاڈہ سر کے رہائشی محمد یوسف میر کو پولیس کی جانب سے اشتہاری قرار دئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کسی تشدد آمیز کاروائی میں بالکل ملوث نہیں لہذا انکے گھر پر چھاپوں اور انہیں اشتہاری مجرم قرار دئے جانے کا کوئی جواز نہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے سوپور کے علاقے ہرون میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران منظور احمد پیر،سجاد احمد بٹ ،فیاض احمد گنائی ،سجاد احمد میر، شوکت احمد میر ، پرویز احمد پیر ،منظور احمد مرچہ،بشیر احمد راتھر،بشیر احمد گنائی ،عبدالمجید نجار،سجاد احمد لون اور اخلاص احمد لون کو گرفتار کرکے بومئی تھانے میں نظر بند کر دیا۔ بیان میں بے گناہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاری کی سخت مذمت کی گئی۔