خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کی طرف سے حاجن میں معمر پارٹی کارکن اور اسکے بیٹے کی گرفتاری کی شدید مذمت

تحریک حریت

تحریک حریت کی طرف سے حاجن میں معمر پارٹی کارکن اور اسکے بیٹے کی گرفتاری کی شدید مذمت

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے حاجن کے رہائشی پارٹی کارکن ماسٹر علی محمد اور ان کے بیٹے شوکت احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسٹر علی محمد کو چند روزقبل ہی دو سال کی غیر قانونی نظربندی کے بعد رہاکیا گیا تھا۔ تاہم بھارتی پولیس نے گزشتہ روز پھر سے انہیں بیٹے کے ہمراہ گرفتار کر کے حاجن پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ ماسٹر علی محمد عمرمعمر ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک معمر شخص کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ہے بلکہ یہ صرف انتظامیہ کی بوکھلاہٹ ہے، اسی لیے جموں و کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماسٹر علی محمد کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کو جیلوں میں قید رکھنے سے عوامی جذبات، سوچ اور نظریے کو قید نہیں کیا جاسکتا ۔