خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کی طرف سے پارٹی کارکن کی گرفتاری کی مذمت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی کے رکن شیخ سرتاج احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک پُر امن سیاسی کارکن ہیں اور حالیہ عوامی انتفادہ کے دوران انکی سرگرمیاں پر امن اور متاثرکن تھیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انکی گرفتاری کو بلا جواز قراردیتے ہوئے کہاکہ ان کی سیاسی سرگرمیاں کسی بھی طرح سے جرم کے دائرے میں نہیں آتی کیونکہ ان کی سرگرمیاں عوامی مفاد تک مرکوز تھیں ۔انہوں نے جموں وکشمیرکی کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کی کھلم کھلا خلا ف ورزی جاری ہے اور کشمیریوں خاص طورپرآزادی پسند قیادت اور اراکین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔