خبرنامہ کشمیر

تحریک حریت کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے اورانہیں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض فورسزنے پہلگام میں پارٹی کے رہنماریاض احمد ،امتیاز احمد صوفی،فیاض احمد میر ،راجہ ملک اور ذاکر احمد آہنگرشوپیان کو گرفتاراور امتیاز احمد ،معشوق احمد بٹ رفیعّ باد،نذیر احمد وار،محمد اشرف وار اور محمد سلیم سوپور کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال ،ادھمپور اور بارہمولہ کی جیلوں میں میں منتقل کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں اور ان کے آلہ کاروں نے انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے علاقے میں دہشت پھیلا رکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 1990کے طرز پر کئے جارہے کریک ڈاون ،چھاپوں ،محاصروں ،گرفتاریوں اور خانہ تلاشیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور شدید سردیوں میں بستیوں کا محاصرہ کرکے مکینوں کو کھلے میدانوں میں شناختی پریڈ کے لیے جمع کیا جارہا ہے ،معصوم عوام کے شناختی کارڑ چیک کئے جارہے ہیں اور گھر گھر تلاشی کاروائیوں کے دوران افراد خانہ کو ہراساں اور اسباب خانہ کو تہس نہس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی ان انسانیت سوز کاروائیوں کی وجہ سے عام لوگوں میں باالعموم اور نوجوانوں میں باالخصوص عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے اورانہیں دیگر راستے اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب نوجوانوں کو پُر امن ،جمہوری اور سیاسی سطح پر اپنے جذبات اور رائے کے اظہار کرنے پر عذاب و عتاب کا نشانہ بنا یا جاتا ہے اور بلا کسی جواز کے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایاجاتا ہے ،گھروں پر چھاپے ڈال کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے اور اپنا حق حاصل کرنے کی کوششوں پر جیلوں میں سڑایا جاتا ہے تو نوجوان مشتعل ہوکر دوسرے راستے اختیار کرنے پر مجبورہوجاتے ہیں۔ ترجمان نے تمام نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی ان کاروائیوں سے نہ تحریک آزادی کمزور اور نہ نوجوانوں کے عزم کو توڑا جاسکتا ہے۔ دریں اثناء تحریک حریت کے چےئرمین سید علی گیلانی نے شوپیان میں تنظیم کے رُکن محمد رفیق آہنگر کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک حریت ایک مخلص کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔